کپور خاندان اور دلیپ کمار کی آبائی رہائش گاہوں کو میوزیم بنانے کا کام التوا کا شکار

برصغیر کے لیجنڈ اداکاروں کپور خاندان اور دلیپ کمار کی آبائی رہائش گاہوں کو میوزیم بنانے کا کام التوا کا شکار ہے۔

محکمہ آثار قدیمہ نے نامور اداکاروں کے بوسیدہ گھروں کو ان کی اصلی حالت میں بحالی کے لیے منصوبہ تیار کیا تھا تاہم فنڈز نہ ہونے کے باعث تعمیراتی کام شروع نہ ہوسکا۔

گزشتہ برس محکمہ آثار قدیمہ خیبرپختونخوا کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ راج کپور اور دلیپ کمار کے پشاور میں گھروں کی تزئین و آرائش حکومت اپنے فنڈز سے کرے گی۔

محکمہ آثار قدیمہ کے ریسرچ آفیسر بخت محمد نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ دونوں گھروں کی صفائی کے بعد اب ان کی تزئین و آرائش کا کام کیا جارہا ہے مگر کب کام مکمل ہوگا اس کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

خیال رہے کہ سوا 6 مرلے پر مشتمل کپور حویلی ڈھکی منور شاہ میں واقع ہے جو پرتھوی راج کپور کے والد دیوان کپور نے تعمیر کروائی تھی جب کہ بھارتی فلم انڈسٹری پر کئی دہائیوں تک راج کرنے والے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار محلہ خداداد کے گھر میں پیدا ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں