ساوتھ ایشین کراٹے چیمپیئن شپ؛ پاکستان نے تین گولڈ اور ایک سلور میڈل جیت لیا

کولمبو: سری لنکا کے شہر کولمبو میں جاری ساوتھ ایشین کراٹے چیمپیئن شپ میں پاکستان نے تین گولڈ اور ایک سلور میڈل جیت لیا۔

انفرادی کاٹا ایونٹ میں سینیئر اور انڈر 21 کیٹیگری میں ارشاد علی نے شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا جبکہ آرزو نے ویمن انفرادی کاتا میں سلور میڈل حاصل کیا۔

پاکستان نے تیسرا گولڈ میڈل بھارت کو ہرا کر اپنے نام کیا۔ گولڈ میڈلسٹ ارشاد علی نے سبز ہلالی پرچم بلند کرنے کو اپنے لیے ایک اعزاز قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سخت محنت کا پھل ملا ہے، اس کامیابی کے لیے کوچ کے ساتھ کراٹے فیڈریشن کے محمد جہانگیر کا بھی بہت شکرگزار ہوں جن کی وجہ سے اس چیمپیئن شپ میں شرکت کا موقع ملا۔

اس چیمپیئن شپ میں پاکستان کا 17 رکنی دستہ جونیئیر، کیڈت اور سینیئر مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کر رہا ہے۔