سرفراز احمد کے ٹیسٹ میچ میں 50 رنز مکمل ،اہلیہ سمیت ساتھی کرکٹرز کی ٹوئٹس

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے کراچی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں 50 رنز مکمل کرلیے جس پر ان کی اہلیہ خوش بخت سرفراز سمیت ساتھی کرکٹرز نے ٹوئٹس کیں۔

کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کی نیوز ی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنا لیے ہیں۔

تاہم چار سال بعد ٹیسٹ کھیلنے والے سرفراز نے کراچی میں 50 رنز مکمل کیے جس پر ان کی اہلیہ نے شکر ادا کیا۔

فاسٹ بولر وہاب ریاض نے بھی سرفراز کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا اور لکھا سرفراز احمد نے کیا شاندار اننگز کھیلی،آپ ہمیشہ سے ہی ایک خاص کھلاڑی رہے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ آسان نہیں ہوتا کہ اتنے عرصے تک بینچ پر بیٹھنے کے بعد کارکردگی دکھائی جائے، آپ کے لیے بہت سی دعائیں ہیں۔

آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا کہ ’50ویں ٹیسٹ میں کپتان کے 50 رنز مکمل ہوگئے’۔

اس کے علاوہ اداکار فہد مصطفیٰ نے بھی سرفراز کے 50 رنز مکمل ہونے پر ٹوئٹ کی اور کہا سرفراز واپس آگیا ہے۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد پہلی مرتبہ پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔