ملک بھر میں 24 کروڑ سے زائد درخت لگائے جائیں گے، شیری رحمان

وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 24 کروڑ سے زائد درخت لگائے جائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ آج وفاقی حکومت نے شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے، جنگلات کے رقبے میں اضافہ اور جنگلات کا تحفظ ہر شہری اور متعلقہ ادارے کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جنگلات میں آگ کے واقعات کی روک تھام کیلئے تمام صوبوں اور وفاقی علاقوں کو ایس او پیز بھیجے ہیں، ان ایس او پیز کا مقصد جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام اور پیشگی اقدامات کرنا ہے۔

آگ کے واقعات میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے گی

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر سال گرم اور خشک موسم کی وجہ سے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات پیش آتے ہیں، گزشتہ سال بلوچستان میں چلغوزے کے جنگلات کے علاوہ مارگلہ، سوات اور دیگر کئی مقامات میں آگ کے واقعات پیش آئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما نے کہا کہ جنگلات ہمارہ اثاثہ اور ماحولیاتی سرمایہ ہیں اس لئے آگ کے واقعات کی روک تھام کیلئے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا کہ مارگلہ میں آگ کے واقعات کی روک تھام کیلئے کنٹرول روم اور ہیلپ لائن کو متحرک کرنے کا کہا گیا ہے، آگ کے واقعات میں ملوث افراد اور مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس سے قبل اسلام آباد میں ملک گیر موسم بہار کی شجرکاری مہم کے باقاعدہ آغاز پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران ملک بھر میں دو سو چالیس ملین درخت لگائے جائیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے ملک کے جنگلات کے رقبے کو بڑھانے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب جس نے معیشت کو تیس ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا اور لاکھوں افراد کو بے گھر کیا اس نے جنگلات کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ماحولیاتی تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے اور شہری علاقوں میں سرسبز علاقوں کو بڑھانا ہو گا۔ انہوں نے اس سلسلے میں تعلیمی اداروں اور مدارس میں آگاہی بڑھانے پر بھی زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں