سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرنا چاہتا ہوں، گوجر خان میں تعلیم کا فروغ اور یونیورسٹی کا قیام ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے ،سپیکر قومی اسمبلی

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہےکہ تعلیم خصوصاًاعلیٰ تعلیم کا فروغ ملکی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے فروغ کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔دہشت گردی اور انتہا پسندی کو شکست دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گوجر خان یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد ، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعلیٰ حکام، گوجر خان سے تعلق رکھنے والے عمائدین اورمعززین علاقہ نے شرکت کی۔ انہوں نے گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس کے قیام کے حوالہ سے کہا کہ گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس کا قیام علاقے کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ ہے اور آج مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ گوجر خان کے عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ جلد پورا ہونے جارہا ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں علاقے کے عوام کے تعاون اور ہائر ایجوکیشن کمیشن چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد اور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ میں گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے سب کیمپس کا اجراء ہو رہا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ گوجر خان میں تعلیم کا فروغ اور اعلیٰ تعلیم کے لیے یونیورسٹی کا قیام ہمیشہ اُن کی اولین ترجیح رہی ہے اور اس سلسلے میں سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے گوجر خان میں یونیورسٹی کے قیام اور تعلیم کے فروغ کے لیے تمام سیاسی شخصیات کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر مل کر کام کرنے کی دعوت دی ۔

انہوں نے کہا کہ گوجر خان یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف گوجر خان بلکہ ملحقہ اضلاع اور آزاد کشمیر کے طلباء و طلبات کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ پوٹھوار کے طلباء و طالبات انتہائی باصلاحیت ہیں اور تعلیم سے گہری وابستگی رکھتے ہیں، یونیورسٹی کے قیام سے اُن کے صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ خطہ پوٹھوہار کی سرزمین شہیدوں اور غازیوں کے سرزمین ہے اس خطے کے جری سپوتوں نے دفاع وطن کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین ایچ ای سی اور پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس پراجیکٹ کو کامیاب بنانے میں ان کی لگن اور محنت کا اعتراف کیا اور اس کی تکمیل میں تعاون کرنے والے تمام اسٹیک ہولڈر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے علاقے میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے یونیورسٹی کے قیام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس کے قیام سے مقامی طلباءخصوصا کم آمدنی والے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلباء جو درر دراز کا سفر طے کر کہ تعلیم حاصل نہیں کر سکتے اُنہیں اُن کی دہلیز پر معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے میری اس دیرینہ خواہش کو پورا کرنے میں مدد اور رہنمائی فرمائی۔اس موقع پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر مختار احمد نے گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کے سلسلے میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی۔انہوں نے اسپیکر کو ایک ماہ کے اندر گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کیمپس میں کلاسز کے اجرا کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کا ضروری انفراسٹرکچر قائم ہو چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ ابتدائی طور پر کمپیوٹر سائنس، ریاضی، انگلش اور بزنس ایڈمنسٹریشن کے کورسز کا اجراء کیا جائے گا۔ ڈاکٹر مختار احمد نے سپیکر اور راولپنڈی ڈویژن کے قابل ذکر شرکاء کو خطے میں ایک مکمل یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام جاری ہے اور اس کے مکمل ہونے پر یونیورسٹی راولپنڈی کے لوگوں کو تکنیکی اور غیر تکنیکی تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں