فرانس، المدثر ٹرسٹ، اسپیشل بچوں کا سب سے بڑا ادارہ

رمضان المبارک کے دوران فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مخیر شخصیات نے المدثر ٹرسٹ اینڈ ایجوکیشن میں معذور بچوں کی پرورش کے لیے دل کھول کر عطیات دیے۔

اس سلسلے میں المدثر ٹرسٹ اینڈ ایجوکیشن کے زیرِ اہتمام فنڈ ریزنگ تقریب ذائقہ ہال ویلرلیبل پیرس فرانس میں منعقد کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق المدثر ٹرسٹ کھاریاں پاکستان میں اسپیشل بچوں کا ایک شاندار ادارہ ہے، اس ادارے میں سیکڑوں اسپیشل بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

سید مدثر شاہ جن کا تعلق کھاریاں سے ہے مگر اُنہوں نے زندگی کا ایک طویل عرصہ پیرس، فرانس میں گزارا، اس دوران 1999ء میں اُنہوں 8 اسپیشل بچوں سے ادارے کی ابتداء کی جو آج المدثر ٹرسٹ کی حیثیت میں پاکستان کا اسپیشل بچوں کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔

اس وقت 500 سے زائد بچے المدثر ٹرسٹ میں زیر تعلیم ہیں جنہیں جدید ترین تعلیم دی جارہی ہے۔

اس ادارے کو بام عروج تک پہنچانے میں جہاں سید مدثر شاہ کی ذاتی محنت شامل ہے وہاں پر پوری دنیا سے مخیر پاکستانی کمیونٹی کی امداد بھی شامل ہے۔

پاکستانی سفارت خانہ سے پریس کونسلر دانیال گیلانی نے خصوصی طور پرتقریب شرکت کی جس کا آغاز قاری عبدالعزیز نے تلاوت کلام پاک سے اور فرانس کے نوجوان دانش بھٹی نے نعت رسول مقبول صل اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے پیش۔

تقریب کے ابتدائی کلمات ادا کرتے ہوئے صحافی منیر احمد ملک نے کہا کہ دنیا میں بچے کی پیدائش خالی ہاتھ ہوتی ہے اور جب اس دنیا سے رخصت ہوتا ہے تو اس کے کفن میں جیب بھی نہیں ہوتی، دنیا کا مال دنیا میں ہی رہ جاتا ہے اور وہی مال کام آتا ہے جو اللّٰہ کی راہ میں خرچ کر دیا جائے۔

کشمیری رہنما نعیم چوہدری نے کہا کہ انہوں نے المدثر ٹرسٹ کھاریاں پاکستان کا خود دورہ کیا تھا جس قدر انتظامات اسپیشل بچوں کے لیے المدثر ٹرسٹ میں کئے گئے ہیں ویسے انتظام انہوں نے کسی اچھے سے اچھے ادارے میں بھی نہیں دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک المدثر ٹرسٹ کو دیے گئے عطیات صدقہ جاریہ ہے، حاضرین کو المدثر ٹرسٹ کی ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی، ڈاکومنٹری میں المدثر ٹرسٹ کھاریاں کے ابتدائی دور سے لے کر اب تک کی پوری تفصیل بیان کی گئی تھی۔

منظور حسین بھٹی نے اپنے خطاب میں کمیونٹی پر زور دیا کہ اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

آخر میں صاحبزادہ پیر سید عرفان شاہ بخاری نے دعا کرائی۔