کویت نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کام کرنے والے غیر ملکی اساتذہ کو نوکری سے برخاست کر کے مقامی اساتذہ کو بھرتی کر لیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی خبروں کے مطابق کویتی وزارت تربیت نے ایک ہزار مزید پڑھیں

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی ترقی اور خوشحالی کے وژن کے ساتھ کام کر رہی ہے ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں ملک کے پہلے ڈیجیٹل اسکول کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول رئیس امروہی کی انتظامی ذمہ داری ٹیلی کام فائونڈیشن ایجوکیشن سسٹم نے صوبائی حکومت سے لی تھی اور کمیونٹیز کو تبدیل کرنے کے وژن کے تحت اس کی ملک کے پہلے ڈیجیٹل اسکول کے طور پر تزئین و آرائش کی گئی ۔
وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ ملک کا پہلا ڈیجیٹل اسکول کراچی کے ایک غیر ترقی یافتہ علاقے اورنگی ٹائون میں کھولا گیا ہے جہاں طالبات کو رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ مارکیٹ اورینٹڈ کمپیوٹر اور کوڈنگ کی مہارت کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی جو انہیں ڈیجیٹل دنیا میں شامل ہونے کے قابل بنائے گی اور وہ تعلیم کی تکمیل سے پہلے کمانا شروع کردیں گی۔ وفاقی وزیر نے اورنگی ٹائون کی ترقی اور علاقہ مکینوں کی فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل اسکول اورنگی ٹائون کی طالبات کے لیے کیریئر بنانے کا ایک اور اہم موقع ثابت ہوگا۔ اس علاقے میں ورچوئل یونیورسٹی کا کیمپس پہلے سے کام کر رہا ہے اور مولوی عبدالحق اسکول میں ایک جدید آئی ٹی لیب تیار کی گئی ہے جبکہ سی ایس ایس کوچنگ کلاسز بھی اگلے ماہ شروع ہو جائیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل اسکول کوایک گریجویشن سطح کا تعلیمی ادارہ بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ وفاقی حکومت نے اورنگی ٹائون کی ترقی کے لیے 500ملین روپے کی منظوری دی ہے جس سے اس علاقے کی ترقی کے لیے متعدد اسکیمیں شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بی آر ٹی اورنج لائن کی رئیس امروہی کالونی تک توسیع کا معاملہ وزیراعلی سندھ سے اٹھایا ہے جنہوں اس تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ امین الحق نے کہا کہ کراچی آئی ٹی پارک پر کام پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے شہر میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی میں سینٹر آف ایکسی لینس، آئی ٹی انکیوبیشن سینٹر، گیمنگ اور اینیمیشن کے فروغ کے لیے اقدامات سے ملک میں آئی ٹی کے بنیادی ڈھانچے اور افرادی قوت کو مزید تقویت ملے گی۔ وزارت آئی ٹی کی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے 65 ارب روپے کے 70 نئے منصوبے پاکستان بھر کے دور دراز علاقوں میں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیلی ڈینسٹی بڑھ کر 90 فیصد ہوگئی ہے اور موبائل فون صارفین کی تعداد 197 ملین تک پہنچ گئی ہے جبکہ براڈ بینڈ کوریج کو 124 ملین افراد تک بڑھا دیا گیا ہے۔ ہر شہری کے لیے سستے اسمارٹ فون کی پالیسی کے تحت موبائل فون کی مقامی مینوفیکچرنگ کی اجازت دی گئی تھی اور اب دنیا کے مشہور برانڈز سمیت 29 کمپنیوں نے پاکستان میں پروڈکشن شروع کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصداسمارٹ فون کی سستی قیمت پر عام دستیابی کو یقینی بناناہے تاکہ ہر شہری15 سے 20 ہزار روپے تک آسانی سے 4-G سمارٹ فون خرید سکے اور آن لائن کاروبار شروع کر سکے۔ ٹیلی کام فائونڈیشن کے صدر اور سی ای او زوما محی الدین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمیونٹیز کو ڈیجیٹل سہولت کی حامل کمیونٹیز میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈیجیٹل سکول کی طالبات گوگل سی ایس فرسٹ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل کورسز اور کوڈنگ کی تربیت حاصل کریں گی۔