بڑے عہدے کے خواہش مند فواد چوہدری کواسپیکر نے ایم این اے بھی رہنے نہ دیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری پی ٹی آئی ارکان کو عہدے تو بڑے بڑے دلانا چاہتے تھے مگر اسپیکر نے انہیں ایم این اے بھی رہنے نہ دیا۔

فواد چوہدری نے 7 بجے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر، پارلیمانی لیڈر اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے عہدے مانگے لیکن چند منٹ بعد ہی اسپیکر نے 35 ارکان کے استعفے منظور کرکے نشستیں خالی ہونے کا پروانہ جاری کردیا۔

اس حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ جب تک 70 دیگر استعفے قبول نہیں ہوتے لیڈر آف اپوزیشن کا عہدہ پی ٹی آئی کے پاس ہی رہے گا۔

انہوں نےکہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھی تحریک انصاف کا حق ہے، امید ہے چیف جسٹس پی ٹی آئی کے زیر التوا کیس میں فیصلہ دیں گے۔

خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے 34 ارکان اور شیخ رشید کے استعفے منظور کرلیے ہیں، ان 34 ارکان میں 32 منتخب ہوکر اور 2 خواتین کی مخصوص نشست پر ایوان میں آئے تھے۔